اسلام آباد: (دنیا نیوز) کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی، بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون کی شہادت اور نہتے شہریوں کے زخمی ہونے پر پاکستان نے سخت احتجاج کیا ہے۔ بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ تھما دیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فورسز نے گزشتہ روز ایل او سی کے تتہ پانی اور جندروٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں 50 سالہ خاتون شہید جبکہ معصوم بچے اور خاتون سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوئے۔ ایسے واقعات ناقابل قبول اور خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
ترجمان حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارتی فورسز ورکنگ باونڈری اور ایل او سی پر بھاری ہتھیاروں سے مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں، رواں سال اب تک بھارت 3012 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کرچکا ہے، جس کے نتیجے میں 28 افراد شہید جبکہ 253 زخمی ہوئے، بھارت 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔