اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے سینئر بھارتی سفارتکار کو طلب کرکے کنٹرول لائن پر مسلسل اشتعال انگیزیوں اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 پاکستانی زخمی ہوئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کا نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کے منافی ہے۔ بھارتی فوج مسلسل شہری آبادی کونشانہ بنا رہی ہے۔ اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر کام کرنے دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت رواں سال 2970 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔ رواں سال بھارتی فائرنگ سے 27 افراد شہید جبکہ 249 زخمی ہو چکے ہیں۔ بھارت کا معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی مسلسل اشتعال انگیزیاں خطے کیلئے خطرہ ہیں۔ بھارت ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔