اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے ایل او سی پر بھارتی افواج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا اور احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی افواج نے بگسر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی، بھارتی افواج کی اشتعال انگیزی سے ایک شہری شہید ہوا، بھارت رواں برس 2 ہزار 840 بار سیز فائر کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے، رواں برس بھارتی فائرنگ سے 27 شہادتیں اور 245 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کا معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، بھارتی فورسز مسلسل لائن آف کنٹرول، ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں، بھارت کی پے در پے اشتعال انگیزیاں خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، بھارت ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔
پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے، بھارت 2003ء کے جنگ بندی انتظام کی پاسداری کرے، ہندوستان کا نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین، اقدار کے منافی ہے، اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر کام کرنے دیا جائے۔