راولپنڈی: (دنیا نیوز) بھارت کی بزدل فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔ فائرنگ سے ایک 33 سالہ شہری شہید ہو گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے کنٹرول لائن کے باغسر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 33 سالہ شہری انصر شہید ہو گیا۔ شہری انصر موٹر سائیکل پر اپنے گھر جا رہا تھا کہ بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ شہید شہری تین بچیوں کا باپ تھا۔
#IndianArmy unprovoked CFV in Bagsar Sector along #LOC targeting civilian population. An innocent citizen, Ansar, age 33 years, father of 3 daughters was hit & embraced shahadat due to Indian indiscriminate fire while he was moving on Motorbike near his house in Garhi village.
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) November 25, 2020
یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ، شادی کی تقریب نشانہ، گیارہ شہری زخمی
خیال رہے کہ ازلی دشمن بھارت نے گزشتہ دنوں بھی اشتعال انگیزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے کھوئی رٹہ سیکٹر پر جگجوٹ گاؤں میں شادی کی تقریب کو نشانہ بنایا تھا جس سے گیارہ شہری زخمی ہو گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے شادی کی تقریب کو راکٹوں اور بھاری مارٹرز سے نشانہ بنایا۔ زخمی ہونے والوں میں چھ خواتین اور چار بچے بھی شامل ہیں۔
پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شادی کی تقریب میں خاص طور پر خواتین بچوں کو نشانہ بنانا بھارتی فوج میں اخلاقیات کی کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔ بھارتی فوج نے غیر پیشہ وارانہ اور انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی، بھارتی سینئر سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی
اس کے بعد بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کے مطابق بھارت نے 22 نومبر کو ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے 11 شہری زخمی ہوئے۔ بھارتی افواج نے کھوئی رٹہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کیں۔ بھارتی فوج مسلسل بھاری ہتھیاروں اور توپ خانے سے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔
زاہد حفیظ کا کہنا تھا رواں سال بھارت 2820 بار سیز فائرمعاہدے کی خلاف ورزی کرچکا، رواں سال اب تک 26 شہری شہید اور 245 زخمی ہوئے، بھارت کا شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، بھارت کی اشتعال انگیزی خطے میں امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا، بھارت یو این، سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔