راولپنڈی: (دنیا نیوز) ازلی دشمن بھارت نے اشتعال انگیزی کرتے ہوئے لائءن آف کنٹرول (ایل او سی) کے کھوئی رٹہ سیکٹر پر جگجوٹ گاؤں میں شادی کی تقریب کو نشانہ بنایا جس سے گیارہ شہری زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے سویلین آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے جگجوٹ گاؤں میں شادی کی تقریب میں شریک 11 معصوم شہری زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے شادی کی تقریب کو راکٹوں اور بھاری مارٹرز سے نشانہ بنایا۔ زخمی ہونے والوں میں چھ خواتین اور چار بچے بھی شامل ہیں۔
پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شادی کی تقریب میں خاص طور پر خواتین بچوں کو نشانہ بنانا بھارتی فوج میں اخلاقیات کی کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔ بھارتی فوج نے غیر پیشہ وارانہ اور انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی کا مظاہرہ کیا۔