اسلام آباد: (اے پی پی) امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ کانفرنس کی صدارت پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کی۔
کانفرنس کے دوران خطے کی سیکیورٹی صورت حال، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور جوانوں کے تربیتی اور فلاحی امور کا جائزہ لیا گیا۔
نیول چیف کو پاک بحریہ کے مختلف دفاعی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ امیر البحر نے جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے ذریعے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے اقدامات اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔
نیول چیف نے ملک میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلیے حکومتی پالیسیوں پر مکمل عملدرامد کے حوالے سے فیلڈ کمانڈز کو ہدایات بھی دیں۔