وزیراعظم ابھی تک زیرتربیت،عوامی مسائل کا حل نہیں توگھرچلے جائیں:بلاول بھٹو

Published On 24 December,2020 04:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ملک پر ہمارے وزیراعظم ابھی تک زیر تربیت ہیں۔ تمام بوجھ عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ عمران خان کے پاس عوام کے مسائل کا حل نہیں ہے تو وہ گھر چلے جائیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کراچی میں ملیر ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان آج افغانستان اور بنگلا دیش سے بھی پیچھے ہے۔ مشکل حالات میں وزیراعظم کا ایک ہی جواب ہوتا ہے کہ میں کیا کروں۔ ملک کو مشکل سے نکالنے کا حل ہمارے پاس موجود ہے۔ پیپلز پارٹی کا وزیراعظم ہوتا تو آج ایسے حالات نہ ہوتے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کا پیپلز پارٹی کا ٹریک ریکارڈ موجود ہے۔ ہم نے نااہل اور نالائق وزیراعظم کو بھگانا ہے۔ ہم نے عوامی حکومت لانی ہے جس کا کام عوام کے مسائل حل کرنا ہوتا ہے۔ دوسروں کے اشاروں پر آنے والے عوام پر توجہ نہیں دیتے۔

انہوں نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے 90 روز میں کرپشن کو ختم کرنا تھا لیکن اب 3 سال بعد کہہ رہے ہیں کہ ابھی ٹریننگ چل رہی تھی۔ حکومت عوام کے ساتھ مذاق کر رہی ہے۔ اگر تیاری نہیں تھی تو خیبر پختونخوا میں کیا کر رہے تھے؟ معاشی اشاریے بہتر ہیں تو عوام خود کشیاں کیوں کر رہے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت صوبوں کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ جب صوبوں نے حساب مانگنا شروع کیا تو انکے پاس کچھ نہیں رہے گا۔ اگر یہی حالات رہے تو پھر عوام پر کوئی قابو نہیں پا سکے گا۔ کراچی جیسے شہر میں گیس نہیں ہے۔
 

Advertisement