اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے عالمی وبا کورونا وائرس کے سدباب کیلئے بنائی گئی ویکسین کے حصول کیلئے اسے بنانے والی تمام کمپنیوں سے رابطہ کر لیا ہے۔
نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کورونا ویکسین کے فیز تھری ٹرائلز اور نتائج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان مراحل کے بعد ویکسین کی دستیابی کا حتمی فیصلہ کیا جا سکے گا۔
این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت ویکسین بنانے والی تمام کمپنیز کے ساتھ رابطے میں ہے۔ اس سلسلے میں دیگر کمپنیوں کے علاوہ چینی کمپنیوں کو بھی آن بورڈ رکھا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت ویکسین کے حوالے سے سامنے آنے والے ڈیٹا کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔ فیز 3 ٹرائلز اور نتائج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان مراحل کے بعد پاکستان میں ویکسین کی دستیابی کا حتمی فیصلہ کیا جا سکے گا۔