کوئٹہ: (روزنامہ دنیا) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے بلوچستان اسمبلی کی نشست سے اپنا استعفیٰ مولانا فضل الرحمن کو بھجوا دیا ہے۔
نواب اسلم رئیسانی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ جب پی ڈی ایم نے اسمبلیوں سے استعفے دینے کا اعلان کیا تو جمعیت علمائے اسلام کے دوستوں نے مجھ سے رابطہ کرکے استعفیٰ دینے سے متعلق بات چیت کی جس کے بعد میں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا چونکہ میں آزاد رکن اسمبلی ہوں، اس لیے میں نے اپنا استعفیٰ سربراہ پی ڈی ایم کو بھجوایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلم رئیسانی کا بلوچستان اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان
خیال رہے کہ نواب اسلم رئیسانی نے پی ڈی ایم کے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے بلوچستان اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ سویلین بالا دستی کی جو بھی تحریک چلے گی، اس کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا ہم سیاسی فیصلوں میں دوستوں کی مشاورت کے پابند ہیں جو ہر حالات میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔
اس سے قبل ان کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اور پارٹی کا صوبائی صدر بنائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا تاہم انہوں نے اپنے بیان میں اس کی تردید کر دی تھی۔
خبریں تھیں کہ سابق صوبائی صدر سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر اور دیگر لیگی رہنماﺅں نے نواب اسلم رئیسانی کے نام کی تائید کر دی تھی۔ کہا جا رہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، نواب اسلم رئیسانی کو پارٹی میں شامل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔