مردان: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک پر جعلی حکمران مسلط ہیں، ہم اسلام آباد جائیں گے اور انہیں گھر بھجوائیں گے۔ ہم حقیقی جمہوریت کے لیے میدان میں آئے ہیں۔ منزل کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔
مولانا فضل الرحمان کا مردان میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نااہل کو حکومت کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ ملکی معیشت تباہ کر دی گئی ہے۔ عوام کا یہ سمندر اسلام آباد سے گند صاف کرے گا۔ اس نے نوجوانوں کو روزگار دینا تھا، دودھ اور شہد کی نہریں بہانا تھیں۔ اب کہتا ہے کہ مجھے تو اعدادوشمار کا پتا ہی نہیں چلتا۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ ہم پہلے دن سے ہی تو کہتے تھے کہ یہ نااہل حکمران ہے۔ گزشتہ روز وزیراعظم نے اپنی نااہلی کا خود اعتراف کر لیا۔ عوام کے اوپر جبری طور پر جعلی حکمرانوں کو مسلط کیا گیا۔ ان کی وجہ سے پوری قوم آج کرب میں مبتلا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ داخلی اور معاشی لحاظ سے پاکستان کھوکھلا ہو چکا ہے۔ جتنا عمران خان مجرم، اتنا ہی اس کو لانے والے بھی مجرم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کہہ چکی ہے۔ نیب سیاست دانوں کے خلاف منظم انداز میں انتقامی کارروائی کر رہا ہے۔ اب نیب کے احتساب کا کوئی اعتبار نہیں رہا۔ نیب سٹیبلشمنٹ کی کٹھ پتلی، بذات خود اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔