لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پرائس کنٹرول کمیٹی کو منافع خوروں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کردی، سردار عثمان بزدار کہتے ہیں کہ اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی کارروائی کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوا نے کا حکم دیدیا۔ ان کاکہنا ہے کہ صوبے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے انتظامی اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں۔ عوام کو اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خورو ں پر کڑی نظر رکھتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی پر سخت کریک ڈاؤن کیاجائے۔
عوام کو اشیائے ضروریہ مقررکردہ نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامی اختیارات استعمال کئے جائیں۔ گراں فروشی کرنے والے قانون کے ساتھ معاشرے کے بھی مجرم ہیں۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ حکومت کے بروقت اور موثر اقدامات سے آٹے، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ حکومتی اقدامات سے عوام کو ریلیف ملا ہے۔ کسی کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔عام آدمی کے مفادات کا پورا تحفظ کریں گے۔