پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک کا کوئی مستقبل نہیں: وزیراعظم عمران خان

Published On 28 December,2020 08:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کو ہدایت کی ہے کہ فوج مخالف بیانیے کا موثر جواب دیا جائے۔ پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک کا کوئی مستقبل نہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران جے یو آئی ف کے رہنماء مفتی کفایت اللہ کے فوج مخالف بیانات پر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے ترجمانوں کو ہدایت کی کہ فوج مخالف بیانیے کا موثر جواب دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: لکھوا لیں اپوزیشن استعفے دے گی تو انکے فارورڈ بلاک بن جائیں گے: وزیراعظم

اجلاس کے دوران پی ڈی ایم سربراہ سے متعلق عمران خان نے کہا کہ امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن نے اثاثے کیسے بنائے؟ کتنے بنائے،عوام کو آگاہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک کا کوئی مستقبل نہیں۔ بات چیت اور مسائل کے حل کا بہترین فورم پارلیمنٹ ہے۔ اپوزیشن نے پارلیمنٹ کو اپنے ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن بھی عوام کو جوابدہ ہے، اڑھائی سالوں میں قانون سازی میں حصہ نہیں لیا۔ ان کو معلوم ہے ہر حال میں این آر نہیں دوں گا۔ اس لیے پاک فوج پر دباو ڈال رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خود کو جمہوریت پسند کہنے والے فوج کو حکومت گرانے کا کہتے ہیں: وزیراعظم

عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ہمارے لیے مسلئہ نہیں، ہمیں عوام مسائل پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا، اپوزیشن کی تحریک غیر فطری ہے، آج تک عوام کسی کے ذاتی مفادات کے لیے نہیں نکلی۔

ان کا کہنا تھا کہ انکے کہنے پر نیب قانون تبدیل کر لیتے تو آج یہ سڑکوں پر نہ ہوتے، اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، پی ڈی ایم کا مسلئہ دھاندلی ہوتا تو انتخابی اصلاحات میں ہمارا ساتھ دیتے۔

Advertisement