ایم ایل ون منصوبے سے پاک چین تعلقات میں نئے باب کا اضافہ ہوگا: وزیراعظم

Published On 28 December,2020 07:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں میں ایم ایل ون سب سے خطیر لاگت کا منصوبہ ہے جس سے پاک چین تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگا۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سی پیک ایم ایل ون منصوبے کو پاک چین دوستی کی ایک شاندار مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ایل ون منصوبے سے پاکستان میں بین الاقوامی معیار کا جدید کمیونیکیشن انفراسٹرکچر قائم ہوگا۔ ایم ایل ون منصوبہ ملکی صنعت کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے یہ بات اپنے زیر صدارت ہونے والے ایم ایل ون منصوبہ کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو ایم ایل ون منصوبے کی موجودہ پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ایم ایل ون منصوبہ: چین نے اضافی گارنٹیز سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا

وزیراعظم نے منصوبہ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے سے پاکستانی بندرگاہوں کے زمینی رابطے مربوط ہونے سے پاکستان کی برآمدات بروقت عالمی منڈیوں میں پہنچ سکیں گی جس سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اعظم خان سواتی نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان ریلوے کی طرف سے ایم ایل ون منصوبہ کےانٹیگریشن پلان سے متعلق آگاہ کیا۔
 

Advertisement