بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے ایم ایل ون پشاور سے کراچی تک ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن اور دوہری لائن کی فنانسنگ کی منظوری دینے سے پہلے پاکستان سے اضافی گارنٹیز مانگنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا۔
لیجیان ژاؤ کا بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) ایک اہم منصوبہ ہے، کورونا وباء کے دوران بھی منصوبے پر کوئی کام نہیں رکا اور نہ ہی نوکریوں میں کمی آئی ہے، منصوبوں میں تیزی سے کام جاری ہے، اس منصوبے کی وجہ سے پاکستانی معیشت میں استحکام بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر برق رفتاری سے کام جاری ہے، عاصم سلیم باجوہ
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک جوائنٹ ورکنگ گروپ آن انٹرنیشنل کارپوریشن اینڈ کوآرڈینیشن سے متعلق اجلاس گزشتہ ہفتے ہوا تھا، دونوں طرف سے منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا تھا اور اگلے مرحلے کے دوران زراعت، انڈسٹری، سائنس ، ٹیکنالوجی کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔
Amid the COVID-19 epidemic, there is no stop of the construction, no job cut, no withdrawal of workforce of the CPEC projects, which has provided strong support for Pakistan to fight the epidemic and stabilize the economy. pic.twitter.com/SPmxPYnTuB
— Lijian Zhao 赵立坚 (@zlj517) December 28, 2020
یاد رہے کہ مین لائن ون پشاور سے کراچی تک ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن اور دوہری لائن کی فنانسنگ کی منظوری دینے سے پہلے پاکستان سے اضافی گارنٹیز مانگنے کی خبریں چل رہی تھیں۔ 1872 کلومیڑ طویل لائن کے لئے تقریبا 6 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری درکار ہے۔ پراجیکٹ سی پیک کے فیز ٹو کا ایک اہم حصہ ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کے متعدد منصوبے مکمل ہو چکے ہیں اور کچھ منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کی وجہ سے پاکستانی معیشت کو فائدہ ہو گا۔ چین بیلٹ اینڈ روڈ سمیت سی پیک پر سرمایہ کاری بھی بڑھا رہا ہے۔ چین اپنے تمام بی آر آئی پارٹنرز کو کورونا سے نمٹنے میں بھی مدد فراہم کر رہا ہے
یہ بھی پڑھیں: صدر پاکستان کے سی پیک بارے مثبت تبصرے سے پوری طرح متفق ہیں: چین
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں میں ایم ایل ون سب سے خطیر لاگت کا منصوبہ ہے جس سے پاک چین تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے سی پیک ایم ایل ون منصوبے کو پاک چین دوستی کی ایک شاندار مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ایل ون منصوبے سے پاکستان میں بین الاقوامی معیار کا جدید کمیونیکیشن انفراسٹرکچر قائم ہوگا۔ ایم ایل ون منصوبہ ملکی صنعت کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے یہ بات اپنے زیر صدارت ہونے والے ایم ایل ون منصوبہ کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو ایم ایل ون منصوبے کی موجودہ پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے منصوبہ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے سے پاکستانی بندرگاہوں کے زمینی رابطے مربوط ہونے سے پاکستان کی برآمدات بروقت عالمی منڈیوں میں پہنچ سکیں گی جس سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اعظم خان سواتی نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان ریلوے کی طرف سے ایم ایل ون منصوبہ کےانٹیگریشن پلان سے متعلق آگاہ کیا۔