سال 2020 بھی ختم: فیصل آباد میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکا

Published On 29 December,2020 09:13 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) سال 2020 بھی ختم ہوگیا لیکن فیصل آباد میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکا۔

فیصل آباد کی پرانی سبزی منڈی کی جگہ پر قائم غیر قانونی گھروں کو مسمار کر کے اس جگہ پر انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کا سال 2017 میں اعلان کیا گیا تھا۔ مگر سابقہ حکومت کے خاتمے کے ساتھ ہی یہ منصوبہ بھی ملبے کے ڈھیروں تلے دب گیا۔

تین سال گزرنے کے بعد بھی یونیورسٹی کا قیام تو عمل میں نہ لایا جاسکا، البتہ یونیورسٹی کیلئے مختص کی گئی جگہ پر ٹرانسپورٹرز مافیا نے گاڑیاں کھڑی کر کے قبضہ جما رکھا ہے۔ معاملے پر ممبر صوبائی اسمبلی لطیف نذر نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے قیام کو عملی صورت دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

سال 2020 بھی ختم ہوگیا مگر حکومتی دعوؤں اور وعدوں کو اس سال بھی عملی جامہ نہ پہنایا گیا۔ جبکہ یونیورسٹی قائم نہ ہونے سے مختص کی گئی جگہ پر پڑے ملبے کے ڈھیر علاقہ مکینوں کیلئے اذیت کا باعث بنے ہوئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومتی عدم توجہی کے باعث یونیورسٹی تو قائم نہ ہوئی، البتہ گھر مسمار کرنے سے سینکڑوں افراد چھت سے ضرور محروم ہوگئے ہیں۔
 

Advertisement