لاہور: (روزنامہ دنیا) وزیر اعظم عمران خان نے کورونا کے باعث بڑھتی ہوئی بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اہم منصوبے کی منظوری دیدی۔
ذرائع کے مطابق 70 ارب کی لاگت کے منصوبے سے ملک بھر میں نئی نوکریاں دی جائیں گی، پنجاب، سندھ، بلوچستان، کے پی کے، گلگت بلتستان کو نئی نوکریوں کے منصوبے میں وفاقی حکومت نصف لاگت کی گرانٹ دے گی۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں تعلیم، صحت، معیار زندگی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی انفراسٹرکچر کی بہتری کے شعبوں میں نوکریاں دی جائیں گی، وزیراعظم کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب میں منصوبے کی تیاریاں مکمل کر لیں۔
پنجاب میں 15 ارب 52 کروڑ کی لاگت سے کورونا کے باعث بیروزگاری، اجرتوں میں کمی سمیت دیگر مسائل پر قابو پایا جائے گا۔ 15 ارب 20 کروڑ روپے میں سے وفاقی حکومت نصف رقم 7 ارب 76 کروڑ فراہم کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب نے تمام سفارشات مرتب کر لیں اور محکمہ بلدیات، محکمہ ہائوسنگ، کمیونیکیشن اینڈ ورکس اور تعلیم و صحت کے محکموں کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور اس پر عملدرآمد بھی شروع کرنے کے لئے پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ پانچ روز میں وزیراعلیٰ پنجاب کو رپورٹ پیش کرے گا اور عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔