جے ایف 17 بلاک 3، رافیل طیارے سے بھی بہتر ہوگا: سربراہ پاک فضائیہ

Published On 30 December,2020 07:21 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پہلا جے ایف 17 بلاک 3 طیارہ 2022ء میں فضائوں میں بلند ہوگا۔ یہ طیارہ بھارت کی جانب سے خریدے گئے رافیل طیارے سے بھی بہتر ہوگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کامرہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ ضروریات کو مد نظر رکھتےہوئے جے ایف 17 بلاک 3 تیار کیا جا رہا ہے۔ جے ایف 17 بلاک 3 جدید ہتھیاروں اور سہولیات سے لیس ہوگا اور یہ کہنا غلط نہیں ہو گا کہ بلاک 3 بھارت کی جانب سے خریدے گئے رافیل طیارے سے بہتر ہو گا اور یہ طیارے 2022ء میں پاکستان فضائیہ کے بیڑے کا حصہ بن جائیں گے۔

ایئر چیف مجاہد انور خان کا کہنا تھا کہ جنگی چیلنجز اور رجحانات میں وقت کے ساتھ ساتھ نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ ہنگامی حالت ہو یا امن، پاک فضائیہ ہمہ وقت الرٹ رہتی ہے۔ پاک فضائیہ کسی بھی مہم جوئی سے پہلے بھارت آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو یاد رکھے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین سے جے 20 سمیت دیگر جدید جنگی طیاروں کے حصول کیلئے بھی غور کر رہے ہیں۔ روس، چین اور دیگر ممالک کے ساتھ فضائی دفاع کے شعبے میں تعاون پر پیش رفت ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ ہر چیلنج میں قوم کی امنگوں پر پوری اتری ہے۔ آئندہ بھی پاک فضائیہ وقت آنے پر قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: جے ایف 17 کے 14 ڈبل سیٹ طیارے پاک فضائیہ کے بیڑے میں شامل

خیال رہے کہ پاک فضائیہ نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے، جے ایف 17 کے 14 ڈبل سیٹ طیارے پاک فضائیہ کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔ جے ایف 17 کے ڈبل سیٹ کی فضائیہ کے بیڑے میں شمولیت کی پروقار تقریب کے مہمان خصوصی پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان تھے۔ پاکستان میں چینی کے سفیر نونگ رونگ اور نائیجرین حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

پاک چین تعاون سے تیار کردہ 14 ڈبل سیٹ طیارے پاک فضائیہ کے حوالے کر دیئے گئے۔ پاک فضائیہ میں شامل ہونے والے ڈبل سیٹ طیارے تربیت کیلئے بھی استعمال ہوں گے۔ پاک فضائیہ کا بلاک 3 بھارت کے حاصل کردہ رافیل سے بہتر ہے۔ پاک فضائیہ کے جے ایف 17 طیارے نائجریا کو بھی فروخت کئے گئے ہیں۔