لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے 'انوائرمنٹ امپیکٹ سیسمنٹ' کے بغیر راوی ریور اربن پراجیکٹ کی تعمیر سے روک دیا۔ جسٹس شاہد کریم نے تحریری حکم جاری کیا کہ محکمہ تحفظ ماحول کے مکمل جائزے اور منظوری کے بعد ہی راوی ریور پراجیکٹ پر کام کیا جائے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شیراز ذکا ایڈووکیٹ کی درخواست پر 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے راوی ریور اربن پراجیکٹ کو محکمہ تحفظ ماحول کی منظوری سے مشروط کر دیا۔ تحریری حکم میں کہا گیا کہ محکمہ تحفظ ماحول کی منظوری اور ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لیے بغیر پراجیکٹ پر کوئی کام نہ کیا جائے۔
درخواست گزار کے وکیل شیراز ذکا ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ راوی ریور اربن پراجیکٹ کی تعمیر کے لیے ماحولیاتی قوانین کو مد نظر نہیں رکھا جا رہا، اس حوالے سے محکمہ ماحولیات سے منظوری بھی نہیں لی گئی، جس سے آنے والے وقت میں ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوگا۔
پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ راوی ریور پراجیکٹ کی تعمیر کے لیے محکمہ ماحولیات سے رائے مانگ لی گئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے تحریری حکم جاری کرتے ہوئے پنجاب حکومت اور محکمہ ماحولیات سے ایک ہفتے میں جواب بھی طلب کرلیا۔