اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر بالائی علاقوں، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مختلف مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، کبھی تیز بارش تو کبھی بوندا باندی نے جڑواں شہروں میں سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ پیر کے روز اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیراورملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے جبکہ جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ گذشتہ روز بھی کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی بلوچستان اور شمالی علاقہ جات میں شدید سرد رہا۔ سب سے زیادہ بارش کشمیر کے علاقے اننت ناگ 19، جموں میں 12، سری نگر میں 06 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔