جنرل ندیم رضا کی تاجکستان کے صدر سمیت دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں

Published On 27 November,2020 09:07 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سمیت دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں جن میں سیکورٹی تعاون، دو طرفہ افواج کے مابین تعلقات کو وسعت دینے کیلئے عملی اقدامات پر زور دیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا تاجکستان کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے دوشنبے میں تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی، جس میں انسداد دہشتگردی، سیکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا تاجک وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور تاجک سٹیٹ کمیٹی برائے قومی سلامتی کے چیئرمین سے ملاقاتیں کیں، جن میں دو طرفہ افواج کے مابین تعاون، تعلقات میں وسعت کیلئے عملی اقدامات پر زور دیا گیا۔ ملاقاتوں میں افغانستان کے تناظر میں خطے کے ماحول کا بھی جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاکستان، تاجک افواج کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ تاجک قیادت نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی افواج کی قربانیاں قابل قدر ہیں۔

قبل ازیں تاجک وزارت دفاع پہنچنے پر جنرل ندیم رضا کا پر وقار استقبال کیا گیا، تاجک مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
 

Advertisement