راولپنڈی: (دنیا نیوز) سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے گاؤں تنگی میں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کرکے ان کا بڑا نیٹ ورک تباہ کر دیا، کارروائی میں دہشتگردوں کا سرغنہ زبیر اور عزیزالرحمان عرف فدا ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا ضلع باجوڑ کے گائوں تنگی میں آپریشن کرکے دہشت گردوں کے ایک بڑے نیٹ ورک کو توڑ دیا ہے۔ دہشتگردوں کا یہ نیٹ ورک ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھا۔
یہ دہشت گرد سرحد پار سے بھارتی خفیہ ایجنسی ‘’را’’ کے حمایت یافتہ لیڈروں سے براہ راست احکامات لیتے تھے۔ دہشت گردوں کا یہ نیٹ ورک پاکستان میں مختلف مقامات پر دہشت گردی میں ملوث تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد کمانڈر زبیر اور عزیز الرحمان عرف فدا کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق زبیر نامی یہ دہشتگرد باجوڑ اور ملحقہ علاقوں میں آپریشنل کمانڈر تھا جبکہ کمانڈر عزیز الرحمان کی بیوی کراچی میں ویمن ونگ کی نگران تھی جسے گرفتار کرکے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایک ماہ کے دوران باجوڑ میں دہشتگردوں کے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیاں کی گئیں۔ ان کارروائیوں کے دوران 19 نومبر کو دہشتگرد کمانڈر خلیل مارا گیا تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقے منڈل میں کمانڈر خلیل کے ٹھکانے کیخلاف کارروائی کی تھی۔ دہشت گرد کمانڈر خلیل آئی ای ڈی حملوں، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔