لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آج کا دن اقوام متحدہ کو کشمیریوں سے کیے گیے وعدوں کی تکمیل کی یاد دہانی کے طور پر منایا جا رہا ہے، اقوام متحدہ 5 جنوری 1949 کی قرارداد پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔
وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ سلامتی کونسل کشمیریوں سے 72 سال پہلے حق خود ارادیت دلانے کا کیا گیا وعدہ پورا کرے، بھارت نے ہر دور میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی نفی اور ظلم و جبر کا استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں اگست 2019 سے جاری لاک ڈاؤن بھی کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکا، کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حوالے سے پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت کے غاصبانہ رویے کے خلاف ہندوستان بھر میں علیحدگی پسند تحاریک جاری ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے بدترین مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر عالمی برادری نوٹس لے۔