لاہور: (دنیا نیوز) گورنر چودھری سرور اور سپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات ہوئی جس میں اتحاد کے معاملات مشاورت سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملکی مسائل کے حل کیلئے مل کر چلنے کا عزم کیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ اتحادیوں کے تعاون پر ان کے مشکور ہیں، اتحادی ساتھ ہیں، ساتھ مل کر چلتے رہیں گے، ملک انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، سیاسی قوتوں کو عوامی ریلیف پر فوکس کرنا ہوگا، اپوزیشن جان لے کہ ان کی سرگرمیوں سے صرف کرونا پھیل رہا ہے، اپوزیشن عوامی ایشوز پر مذاکرات کی میز پر بیٹھے، اپوزیشن غیر جمہوری اور غیر آئینی راستہ اختیار کرنے سے باز رہے۔
چودھری پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ عوامی ریلیف کے لئے سیاسی قوتوں کا باہمی تعاون اور اتفاق ضروری ہے، عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے سیاسی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں، ملکی حالات اتفاق رائے سے عوامی مسائل کے حل کے لیے کوششوں کا تقاضا کرتے ہیں، حکومت اور اپوزیشن دونوں کی ذمہ داری ہے کہ ملکی اور عوامی مفادات کا تحفظ کریں۔