لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ضلع کچہری کی عدالت نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کا پیپر لیک کرنے والے4 ملزمان کو 3روزہ جسمانی ریمانڈ پر انٹی کرپشن کے حوالے کر دیا، کمرہ عدالت میں ملزمان اپنے آپ کو بے قصور کہتے ہوئے معافیاں مانگتے رہے۔
پنجاب پبلک سروس کمیشن کا پیپر لیک کرنے کا معاملہ، گرفتار ملزمان کو ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ کامران کرامت کی عدالت میں پیش کیا گیا۔محکمہ انٹی کرپشن کے تفتیشی افسر زمان نے ملزمان کے 15روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
فاضل جج نے استفسار کیا کہ یہ ملزمان وہ ہیں جنہوں نے تحصیلدار کا پیپر لیک کیا ہے۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ جی یہ پی پی ایس سی کا پیپر لیک کرنے والے ملزمان ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر کو کیوں ملزمان کا جسمانی ریمانڈ چاہیے۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزموں کے خلاف جے آئی ٹی بنا دی گئی ہے، ملزم وقار کے رشتے دارعثمان نامی لڑکے کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔ عثمان پی پی سی کے امیدواروں سے پیسے لیتا اور وقار سے مل کر پیپر لیک کرتا تھا۔
عدالت نے ملزم گوہر علی، غضنفر خاں، نذر عباس اور وقار اکرم کا 3روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ فاضل جج نے تینوں ملزمان کو دوبارہ 6جنوری کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ محکمہ انٹی کرپشن حکام نے گزشتہ روز ملزمان کو پنجاب یونیورسٹی کے باہر سے گرفتار کرکے تحصیلدار کا پیپر برآمد کیا تھا۔