کراچی: (دنیا نیوز) سانحہ مچھ کیخلاف دھرنوں کے باعث پی آئی اے سمیت غیر ملکی ائیر لائنز کی 50 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ دھرنوں کی وجہ سے فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہو گیا۔
ایئرپورٹ حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کو ایئرپورٹ جانے میں مشکلات سے پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوئیں۔ غیر ملکی ایئر لائنز کی کراچی سے بینکاک، دبئی، شارجہ، دمام، کویت اور کولمبو کی 21 دو طرفہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ پی آئی اے کی کراچی سے لاہور، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد کی دو طرفہ 8 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ اسلام آباد سے غیر ملکی ایئر لائنز کی اسلام آباد سے جدہ، بینکاک، بیجنگ اور قسیم کی 8 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی اسلام آباد سے سکردو، دبئی، جدہ، گلگت اور چترال کی دو طرفہ 10 پروازیں، لاہور سے کراچی دبئی کی دو طرفہ 4 پروازیں اور نجی ایئر لائنز کی اندرون و بیرون ممالک کی دو طرفہ 8 پروازیں منسوخ ہوئیں۔