کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی سندھ کو لاپتا شہریوں کی بازیابی سے متعلق معاملات کا جائزہ لینے کا حکم دیدیا ہے۔ لاپتا افراد کی عدم بازیابی پر عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 11 فروری کو پیشرفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کا ریمارکس میں کہنا تھا کہ بتایا جائے شہریوں کی بازیابی کیلئے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ برسوں سے شہری لاپتا ہیں اور تفتیش میں کسی قسم کی پیشرفت نظر نہیں آ رہی۔ کوئی شہری لاپتا ہوا تو اس علاقے کے ایس ایس پی کیخلاف مقدمہ درج ہوگا۔
عدالت عالیہ کا کہنا تھا کہ پولیس کی تفتیش خانہ پری کے سوا کچھ نہیں ہوتی۔ عدالت نے آئی جی سندھ کو لاپتا شہریوں کی بازیابی سے متعلق معاملات کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔
اس کے علاوہ محکمہ سندھ کو لاپتا افراد کے معاملے پر جے آئی ٹی اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی گئی۔