مریم اورنگزیب کا متنازع بیان، مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے قانونی نوٹس بھجوا دیا

Published On 13 January,2021 09:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کو ان کے بیان پر قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے جس میں ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے اپنے بیان میں شہزاد اکبر نے بتایا کہ میرے وکلا نے مریم اورنگزیب کو توہین آمیز بیان پر قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔ مریم اورنگزیب کو نوٹس میں کہا ہے کہ معافی مانگیں، وہ معافی نہیں مانگتیں تو پھر انھیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ مریم اورنگزیب نے اپنے ایک حالیہ بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ مشیر داخلہ شہزاد اکبر براڈ شیٹ کے انکشافات کے بعد متنازع ہو چکے ہیں، وہ لندن میں براڈ شیٹ سے کمیشن مانگ رہے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ براڈ شیٹ میں پہلے مشرف، اب نیب، نیازی گٹھ جوڑ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: براڈ شیٹ کا ٹویٹ وزیراعظم کیخلاف چارج شیٹ ہے: مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ براڈ شیٹ کمپنی نے حکومتی مشیروں کا منہ کالا کر دیا، ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ منی لانڈرنگ آج ہو رہی ہے۔ ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منتخب وزیراعظم کیخلاف مقدمہ بنانے کیلئے 600 کروڑ دیئے، مشرف نے 600 کروڑ روپے اپنی جیب سے نہیں دیئے، براڈ شیٹ کمپنی سے کہا گیا نواز شریف کیخلاف کیس بنائے جائیں، مشرف کی کابینہ کا حصہ بننے والوں کو لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا گیا۔ مشرف دور میں کچھ نیب زادے اور کچھ نیب زدہ بنے، کمپنی کو مقدمہ بنانے کیلئے سیاسی حریفوں کی لسٹ دی گئی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نیب اور سرکاری کاغذوں میں اربوں روپے کی ریکوری ہوگئی، ریکوری نہیں ہوئی، جعلسازی کی گئی تھی، عمران خان کی چوری پکڑی جا رہی ہے تو براڈشیٹ یاد آگئی، براڈ شیٹ نے آمر اور آپ کیخلاف چارج شیٹ دی۔ براڈ شیٹ نے پاکستان کے فرسودہ نظام کو بے نقاب کیا، ملک کا نظام موجودہ حکومت سے نہیں چل سکتا، فرسودہ نظام جمہوری حکومتوں کیخلاف استعمال ہوتا رہا۔