کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب اور صوبائی وزیر امتیاز شیخ نے وفاقی وزیر مراد سعید پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مراد سعید نے آئین پاکستان کی غلط تشریح کی، سندھ کے جزائر صوبے کی ملکیت ہیں۔
پریس کانفرنس میں پی پی رہنما اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 2011 میں سندھ ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ 158 کو فالو کرنا لازمی ہے۔ جزائر صوبہ سندھ کی ملکیت ہیں۔ آئینی طور پریہ وفاق کی ملکیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مراد سعید نے ایک بار پھر دخل اندازی کی کوشش کی ہے۔
مرتضی وہاب بولے مراد سعید کہتے ہیں کہ بنڈل آئی لینڈ پر صدر نے درست آرڈیننس جاری کیا صدر کو اختیار حاصل ہے کہ وہ آرڈیننس جاری کر سکتا ہے۔ صدر مملکت کسی صوبائی معاملہ میں مداخلت نہیں کرسکتے ہیں۔ مرتضی وہاب نے کہا کہ ہم وفاق کو ان جزیروں کی چائنہ کٹنگ نہیں کردیں گے۔
صوبائی وزیر امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ وفاقی وزراءسندھ وسائل پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ سندھ کے عوام کو ان کا حق نہیں دیا جاتا۔ ان کی اسٹیل مل کی زمین پر نظر ہے۔ جو انویسٹرز آئیں گے ان کے سامنے سندھ کے عوام کھڑے ہوں گے۔
امتیاز شیخ نے کہا کہ صنعتوں کی گیس بند کی گئی، سندھ کی گیس سوئی ناردرن گیس کو دی جارہی ہے۔ اب سندھ حکومت کو بھی سخت فیصلہ کرنا ہوگا۔