لاہور: (روزنامہ دنیا) مسلم لیگ ن نے دو خواتین کو ضمنی انتخابات کیلئے میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی نے ضمنی انتخابات کے امیدواروں کے نام فائنل کر لئے، مریم نواز کی زیر صدارت 2 اجلاسوں میں سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، پارٹی عہدیداروں سے مشاورت کی گئی، پارٹی نے این اے 75 سیالکوٹ سے سیدہ نوشین ظاہرے شاہ کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیدہ نوشین لیگی مرحوم ایم این اے پیر سید افتخار الحسن المعروف ظاہرے شاہ کی بیٹی ہیں جبکہ پی پی 51 گوجرانوالہ سے پارٹی نے مرحوم لیگی ایم پی اے شوکت منظور چیمہ کی اہلیہ مسز طلعت منظور چیمہ کو پارٹی کا ٹکٹ دینے کی سفارش کر دی۔ دونوں امیدواروں کے نام حتمی منظوری کے لئے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو بھجوا دئیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی دونوں ناموں پر آمادگی کا اظہار کر دیا۔ آئندہ چند روز میں دونوں امیدواروں کے ناموں کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔