بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے شہید جوان نبیل لیاقت کی نمازہ جنازہ ادا

Published On 15 January,2021 05:02 pm

دولتالہ: (دنیا نیوز) دیوا سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے جوان نبیل لیاقت شہید کی نمازہ جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔

نماز جنازہ میں سٹیشن کمانڈر بریگیڈیر شعیب سمیت پاک فوج کے افسران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاک فوج کے چاک چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔

سٹیشن کمانڈر بریگیڈیر شعیب نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

نبیل لیاقت شہید کا تعلق دولتالہ کے نواحی علاقے آہدی سے تھا۔ شہید نے پسماندگان میں بیوی دو بیٹیاں اور ایک ننھا بیٹا چھوڑا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل اوسی اورشمالی وزیرستان میں دشمنوں کیساتھ جھڑپ،پاک فوج کے 4 جوان شہید

خیال رہے کہ گزشتہ روز لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور شمالی وزیرستان میں دشمنوں کے ساتھ جھڑپ میں پاک فوج کے 4 جوان وطن کیلئے قربان ہو کر شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے دیوا سیکٹر پر ایل او سی کی خلاف ورزی کی۔ پاکستانی افواج نے بھارتی اشتعال انگیزیوں کا بھرپور جواب دیا جس سے دشمن کو شدید جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 28 سالہ سپاہی نبیل لیاقت شہید ہوگئے۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیساتھ جھڑپ میں 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کر لیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا اور اس دوران 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد دھماکا خیز مواد بنانے کے ماہر تھے۔ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے تین جوان وطن پر قربان ہوئے۔ شہدا میں سپاہی ازیب احمد، ضیاء السلام اور لانس نائیک عباس خان شامل ہیں۔

 

Advertisement