الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج، پی ڈی ایم کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں طلب

Published On 17 January,2021 02:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس میں 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج اور مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔

مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس کے سلسلے میں تمام متعلقہ ارکان کو شریک ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں 19 جنوری کے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی، اس کے علاوہ پی ڈی ایم کا آئندہ کا لائحہ عمل بھی زیر غور رہے گا۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کا حکومت کے خلاف احتجاج پہلے ہی جاری ہے، خواجہ آصف کی گرفتاری کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے نون لیگ کے مرکزی راہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے آئے ہیں، آمریت کے نام پر جمہوریت کو داغ دار کیا گیا۔ لاڈلے کی فرمائش پر خواجہ آصف کو جھوٹے کیس میں پابند سلاسل کیا گیا ہے، وہ بہت جلد آزاد ہوں گے۔ یہ قیدیں ہمیں مزید منظم کر رہی ہیں۔ پہلے نیب کے ذریعے اب انٹی کرپشن اور ایف آئی اے کو لگا دیا گیا ہے۔ 

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ کا اعتراف کر لیا ہے۔ بھارت اور اسرائیل سے ہونے والی اسی فنڈنگ کے بدلے میں کشمیر کا سودا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انیس جنوری کو الیکشن کمیشن سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ لینے آ رہے ہیں۔ اُس وقت تک مریم نواز کے ساتھ بیٹھیں گے جب تک فیصلہ لکھ کر نہیں دے دیا جاتا۔

 

Advertisement