سکیورٹی فورسز کا جنوبی وزیرستان میں آپریشن، کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد ہلاک

Published On 18 January,2021 01:39 pm

نرگوسا: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک، ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، مارے جانے والوں کی عثمان علی اور وحید کے نام سے شناخت ہوئی۔

 ملک دشمن عناصر پر زمین تنگ کر دی گئی، آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے نرگوسا میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی تو کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک زخمی ہوا جسے حراست میں لے لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ عثمان علی اور وحید کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سجنا گروپ کے فعال کارکنان تھے، بم بنانے کے ماہر اور دیگر نوجوانوں کو دہشتگردی کی ٹریننگ دینے میں بھی ملوث رہے۔ اغوا برائے تاوان اور بھتے خوری کی وارداتیں کرنے کے شواہد بھی ملے ہیں۔

ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز پرحملوں میں ملوث تھے، دہشتگرد عثمان 14 اکتوبر 2020 کو سکیورٹی فورسز پر حملے میں مطلوب تھا۔ اس حملےمیں کیپٹن عمرچیمہ، 2 جےسی اوز اور 3 سپاہی شہید ہوئےتھے جبکہ 4 سپاہی زخمی ہوئےتھے۔

 

Advertisement