پی ڈی ایم کو اپنی منزل کا پتہ نہیں کہ اسے کس طرف جانا ہے: شاہ محمود

Published On 23 January,2021 06:37 pm

ملتان: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو اپنی منزل کا پتہ نہیں کہ اسے کس طرف جانا ہے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم بغیر منزل کا کا رواں ہے ، پہلے استعفے دے رہے تھے، پھر لانگ مارچ اور اب تحریک عدم اعتماد۔ مفادات کی بنیاد پر بننے والا اتحاد کبھی کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ لیگی رہنما جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ عوام کے سامنے ان کی اصلیت عیاں ہو چکی ہے، عوام کا بھاری منڈیٹ رکھنے والی حکومت کو گرانے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو سکتی۔

وفاقی وزیر خارجہ نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آئینی مدت پوری کریں گے، قومی دولت لوٹنے والوں کو کبھی این آر او نہیں ملے گا ۔

سفارتی حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سفارتی محاذ پر پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، سابقہ دور حکومت میں وزیر خارجہ کا تقرر نہ کرکے پاکستان کو سفارتی محاذ پر کمزور کیا گیا، دنیا کے ہر کونے میں پاکستان کا بھر پور مقدمہ لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طویل عرصے بعد ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، نومنتخب امریکی قیادت سے قریبی راوبط استوار کرنے کے خواہاں ہیں، چین 5 لاکھ ویکسین ڈوزز 31 جنوری تک پاکستان کو تحفتاً مہیا کردے گا۔
 

Advertisement