اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے اسامہ قتل کیس کے ملزمان کا مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں طالبعلم اسامہ ستی قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈمانگنے پر فاضل جج نے استفسار کیا کہ اب اور کتنا ریمانڈ لیں گے ، پہلے ہی بائیس روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہوچکا ہے۔
وکیل فیصل یونس نے موقف اختیار کیا کہ ہماری درخواست پر تفتیشی افسر تبدیل ہوا ہے، تفتیش آگے بڑھ رہی ہے ، اس میں پیش رفت بھی ہو رہی ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ مزید ریمانڈ دیا جائے، جے آئی ٹی بھی اپنا کام کر رہی ہے۔ وکیل کے دلائل پر عدالت نے ملزمان کو مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ تین روز بعد ملزمان کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنےکا حکم بھی دے دیا۔