اسلام آباد: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے امریکی صحافی ڈینئیل پرل قتل کیس میں ملزموں کی بریت کیخلاف سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کا دنیا نیوز سے بات چیت میں کہنا تھا کہ ڈینئیل پرل کیس کے حوالے سے سندھ حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ سندھ حکومت سپریم کورٹ میں فیصلے کے خلاف نظر ثانی دائر کر رہی ہے۔
اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے ڈینئیل پرل قتل کیس کا مختصر حکمنامہ جاری کر دیا ہے۔ جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے ملزمان کو بری کرنے کے فیصلہ سے اختلاف کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو عدم شواہد کی بنیاد پر شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کیا گیا۔ سپریم کورٹ نے چاروں ملزمان کو فوری رہا کرنے کا بھی حکم دیا۔ ڈینئیل پرل کے قتل کے ملزمان میں احمد عمر شیخ، فہد نسیم، سلمان ثاقباور محمد عادل شامل ہیں۔