کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کراچی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کی پوزیشن بہتر ہو گئی، مہمان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنا لیے ہیں اور 29 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان نے 308 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز شروع کی تو حسن علی اور نعمان علی وکٹ پر موجود تھے۔ حسن علی نے دن کی ابتدا میں ہی کچھ ہاتھ دکھائے لیکن کگیسو ربادا نے ان کی وکٹیں بکھیر کے 21 رنز کی اس مختصر اننگز کا خاتمہ کردیا۔ اس وکٹ کے ساتھ ہی ربادا نے ٹیسٹ کرکٹ میں 200 وکٹوں کا سنگ میل بھی عبور کر لیا۔
پروٹیز کو اُمید تھی کہ وہ جلد ہی پاکستان کی اننگز کا خاتمہ کردیں گے لیکن یاسر شاہ اور نعمان نے ان کی اس خوش فہمی کو جارحانہ بیٹنگ سے دور کردیا۔ دونوں کھلاڑیوں خصوصاً یاسر شاہ نے عمدہ بیٹنگ کی جس کی بدولت پاکستان کو اپنی برتری کو بڑھانے میں مدد ملی۔ نعمان اور یاسر نے آخری وکٹ کے لیے 55 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی اور شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب نعمان 24 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی پوری ٹیم 378 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان نے پہلی اننگز میں 158 رنز کی برتری حاصل کرکے میچ پر گرفت مضبوط کر لی، یاسر شاہ 38 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ ربادا اور مہاراج نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
پروٹیز ٹیم نے 158 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔ پاکستان کو پہلی کامیابی کھانے کے وقفے کے بعد اس وقت ملی جب 29رنز بنانے والے ڈین ایلگر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ محمد رضوان نے شاندار کیچ تھاما۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد مارکرم کا ساتھ دینے وین ڈر ڈوسن آئے اور دونوں نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے سیشن میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔
دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو خسارے نکالتے ہوئے برتری دلائی اور دوسری وکٹ کے لیے 127 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔ اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب یاسر شاہ کی گیند پپر عابد علی نے کیچ لے کر ڈوسن کو چلتا کردیا جنہوں نے 64 رنز کی اننگز کھیلی۔
.@Shah64Y on #PAKvSA | #HarHaalMainCricket | #BackTheBoysInGreen https://t.co/bEMfSHbOgM pic.twitter.com/Zm2bVUXsOK
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 28, 2021
پاکستان کو اگلی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور فاف ڈیو پلیسی 10 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی اننگز میں تیسری وکٹ بن گئے۔ تاہم جنوبی افریقا کو دن کے اختتام سے قبل برا دھچکا اس وقت لگا جب دوسرے اینڈ پر موجود مرکرم 74 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کو وکٹ دے بیٹھے۔
Watch the fall of BIG wicket!#PAKvSA | #HarHaalMainCricket | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/T9MInhWIfx
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 28, 2021
جب میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے تھے اور اسے دوسری اننگز میں صرف 29 رنز کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے تین اور نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔