اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا، چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی ہے، جبکہ ٹیکسٹائل پالیسی کی منظوری ایک بار پھر دو ہفتوں کیلئے مؤخر ہو گئی ہے۔
اسلام آباد میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیراعظم ریلیف میں شامل تین اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی گئی۔
وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا، چینی اور گیھی کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز پیش کی گئی تھی، ای سی سی نے اضافے کو معقول سطح پر لے جا کر دوبارہ سمری لانے کی ہدایت کر دی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یوٹیلیٹی سٹورز کو ڈیجیٹل کرنے کا منصوبہ منظور کر لیا، منصوبے پر 2 ارب روپے لاگت آئے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز پر اب تک 21 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں۔ ای سی سی نے گوادر کے لیے 300میگاواٹ کوئلے کے پاور پلانٹ اور زائرین کے لیے منیجمنٹ پالیسی کی منظوری بھی دے دی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے بارانی علاقوں میں زیر کاشت رقبے کو بڑھانے کے لیے42ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظور دے دی ہے جبکہ سوئی سدرن کے لیے کمرشل پیداوار کے لیے گیس کنووں کی نشاندہی کی منظوری بھی دے دی۔
اجلاس میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز منافع کا جائزہ لیا گیا،وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز منافع میں مارکیٹ جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا،جب تک مارکیٹ سٹڈی مکمل نہیں ہو گی منافع میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ ای سی سی نے چوتھی مرتبہ ٹیکسٹائل پالیسی کو ایک بار پھر سے موخر کر دیا ہے۔