اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے 15 کروڑ ڈالر کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی ہے۔ پہلے مرحلے میں ویکسین ہیلتھ ورکرز اور پینسٹھ سال سے زائد عمر کے افراد کو فراہم کی جائے گی۔
ای سی سی نے وزارت قومی صحت کو ہدایت کی کہ ویکسین کی خریداری کے لیے ورلڈ بنک اور دیگر اداروں سے بات چیت کی جائے۔ ویکسین ملنے کی صورت میں ابتدائی طور پر 5 فیصد آبادی کو ملے گی۔
جی ٹونٹی ممالک کے قرضوں کی چھ ماہ کے لیے ری شیڈولنگ، ای سی سی نے سود ادائیگی کی بھی منظوری دے دی۔ ای سی سی نے سٹیل ملز ملازمین کے بقایا جات کیلئے 19 ارب 65 کروڑ روپے، وزارت تعلیم کیلئے 50 کروڑ روپے اور این آئی ٹی بی کیلئے 68 کروڑ 93 لاکھ روپے گرانٹ کی منظوری دیدی۔
اینگرو فرٹیلائزرز کو 2.25 ملین مکعب فٹ گیس کی فراہمی اور پنجاب کو 3 لاکھ 40 ہزار ٹن گندم درآمد کرنے کی بھی اجازت دے دی گئی۔