اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کے دوران ہدایت کی ہے کہ گندم خریداری جلد مکمل کی جائے، 82 لاکھ ٹن ذخائر فوری محفوظ کئے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، اجلاس کو گندم اور آٹے کی دستیابی کے بارے میں وزارت فوڈ کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ گندم کی درآمد کی صورت میں اس کی قیمت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ صوبائی حکومتیں اور پاسکو گندم کی 79 فیصد تک پروکیورمنٹ کر چکی ہیں، ای سی سی نے گندم کی پروکیورمنٹ جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس کے دوران ہدایت کی گئی کہ گندم کی خریداری جلد مکمل کی جائے، گندم کے 82 لاکھ ٹن ذخائر فوری محفوظ کیے جائیں، ای سی سی گندم کی 75 فیصد تک خریداری کر لی گئی۔
ای سی سی نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کو پاکستان روپیہ لنکڈ بانڈز جاری کرنے کی اجازت دیدی، یہ پروگرام زیادہ سے زیادہ 200 ملین ڈالر تک رکھا جائے گا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائن (ایس این جی پی ایل) کو ایک ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی، یہ رقم گیس ذخائر کے علاقوں میں دیہات کو گیس کی فراہمی کیلئے استعمال ہو گی۔
ای سی سی اجلاس کے دوران بیرون ملک 22.5 ملین سعودی ریال کی ایکویٹی سرمایہ کاری کی بھی منظوری دی گئی جبکہ ای آفس پروگرام کے اطلاق کیلئے ایل ایم کے آر کیخلاف انکوائریاں اور شکایات واپس لینے کی ہدایت کر دی۔
دریں اثناء پورٹ قاسم کے شمالی اور جنوبی صنعتی زونز کیلئے 5 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی گئی، پورٹ قاسم کے علاقے میں پمپ ہاؤسز، زیر زمین واٹر ٹینکس، صنعتی زون میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ کراچی میں سیوریج سسٹم کی تعمیر کے منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی۔