لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کرپشن کا تحفظ اور احتساب کا خاتمہ چاہتی ہے، وزیراعظم عمران خان کی ایمانداری پر کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔
گورنر پنجاب چودھری سرور سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے ملاقات کی۔ گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں چودھری سرور اور شہزاد اکبر نے کر پشن کے خاتمے، سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت کی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا کہ اوپن ووٹنگ کے بل کی مخالفت ہارس ٹریڈنگ کی سپورٹ کرنا ہے، کسی بھی معاملے میں شفافیت اور میرٹ اپوزیشن کو برداشت نہیں ہوتا، پی ڈی ایم کا غیر فطری اتحاد اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکا، حکومت شفاف احتساب کے اصولی موقف پر آج بھی قائم ہے، ہر معاملے میں ضد اور انا پر قائم اپوزیشن کا کوئی مستقبل نہیں۔
چودھری سرور نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کسی صورت مخالفین کے دباؤ میں آنے والے نہیں، حکومت مضبوط اور مستحکم ہے، کسی لانگ مارچ سے فرق نہیں پڑے گا، ہم پاکستان کو آگے اور مخالفین پاکستان کو پیچھے لیکر جانا چاہتے ہیں، حکومت نے اداروں میں سیاسی مداخلت کو ختم کر دیا۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ احتساب کا عمل شفاف ہونے کے باعث احتساب کے اداروں نے ریکار ڈ ریکوری کی ہے، حکومت احتساب کے عمل پر قطعی طور پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔