اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ انتخابات میں مسلم لیگ ق کے امیدوار کامل علی آغا کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ لیگی قیادت کیساتھ ملاقات میں کیا گیا۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے (ق) لیگ کی قیادت نے ملاقات کی جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی، طارق بشیر چیمہ اور مونس الہٰی نے شرکت کی۔
اس اہم ملاقات میں سینیٹ انتخابات کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر سینیٹ الیکشن میں (ق) لیگ کے امیدوار کامل علی آغا کے نام کی حمایت کا اعلان کیا۔
ادھر حکومت نے سینیٹ انتخاب کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ سپیکر پرویز الہٰی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر چودھری محمد سرور اس میں شامل ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے لیگی قیادت کو یقین دہانی کرائی کہ سینیٹ کے حوالے سے اتحادیوں کی مشاورت سے آگے چلیں گے۔ حکومت کی جانب سے اجلاس میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک اور شفقت محمود شریک ہوئے۔
ملاقات میں چودھری پرویز الہٰی نے وزیراعظم کو پنجاب اسمبلی کے نئی عمارت کے افتتاح کے لئے بھی دعوت دی جو عمران خان نے قبول کرلی۔