لاہور: (دنیا نیوز) منی لانڈرنگ ریفرنس میں احتساب عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 فروری تک توسیع کر دی۔
احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے ریفرنس پر سماعت کی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو سخت سیکیورٹی میں عدالت پیش کیا گیا۔ دوران سماعت شہباز شریف روسٹرم پر آئے اور عدالت کو بتایا کہ ہمارے دور میں کرپشن کم ہوئی، پنجاب کی خدمت کی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ صرف کیس کے متعلق بات کی جائے۔
پراسیکیوٹر نے بھی اعتراض اٹھایا کہ ہر پیشی پر پہلے شہباز شریف سیاسی گفتگو کرتے ہیں جس پر شہباز شریف نے کہا کہ یہ سیاسی گفتگو نہیں بلکہ قوم کو سچ بتانا چاہتے ہیں، ان کو بطور ڈیفنس بھی استعمال کریں گے، یہ قیامت تک کرپشن ثابت نہیں کر سکتے۔ جس پر عدالت نے قرار دیا کہ اگر آپ بے گناہ ثابت ہوئے تو بری ہو جائیں گے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مزید کہا کہ میرے دور میں کرپشن کم ہوئی، کرپشن کرپشن کا رونا رونے والے خود اپنا حال دیکھ لیں، آج یہ رپورٹ دیکھ کر بہت افسوس ہوا، جس میں کرپشن میں اضافہ ہوچکا ہے، یہ ہے موجودہ حکومت کا کارنامہ اور اصل چہرہ۔
عدالت نے شہباز شریف کو آئندہ سیاسی باتیں کرنے سے روکتے ہوئے کہا کہ وقت آنے پر یہ باتیں کی جائیں، اگر زیادہ ضروری ہیں تو میڈیا کا فورم استعمال کریں۔ عدالت میں نیب گواہ پر وکلاء نے جرح مکمل کرلی جبکہ شریک ملزمان کو آئندہ سماعت پر جرح مکمل کرنے کا حکم دیا گیا۔