لاہور: (دنیا نیوز) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بدھ سے ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن کا آغاز ہوگا، ویکسین دینے کے لیے رجسٹریشن اور تمام انتظامات کرلیے گئے، کوئی وی آئی پی نہیں سب کو مرحلہ وار ویکسین دی جائے گی۔
ڈی جی پی آر لاہور میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چین سے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لیے 5 لاکھ ویکسین موصول ہوگئی ہیں، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی بدھ سے کورونا ویکسی نیشن کا آغاز کریں گے، پنجاب کو ملنے والا کوٹہ 75 ہزار افراد کے لیے کافی ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ کوئی وی آئی پی نہیں سب کو مرحلہ وار ویکسین دی جائے گی، پنجاب میں کورونا ویکسی نیشن کے لیے 189 سنٹرز بنا دئیے گئے، پہلے مرحلے میں ہیلتھ فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین ملے گی، ان کی رجسٹریشن کرلی گئی۔
وزیر صحت پنجاب نے مزید کہا کہ 1166 پر موبائل میسج کے ذریعے رجسٹریشن ہوگی، ایک کروڑ 70 لاکھ ویکسین کی مزید ڈوز بھی پاکستان آئیں گی، ویکسین کے سائیڈ ایفیکٹ ہوتے ہیں، وقت آنے پر اثرات کا پتہ چلے گا۔