اسلام آباد: (دنیا نیوز) کشمیر ہمارا ہے اور سارے کا سارا ہے، نہتے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستانی قوم آج یوم یکجہتی منائے گی، شہر شہر تقاریب شیڈول ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر جمعہ کو منایا جائے گا، یہ دن بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کے خلاف بھارت کے سنگین مظالم کو بے نقاب کرنے کے لئے بھی یاد رکھا جائے گا ۔
ملک بھر میں صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی ۔ اسلام آباد، مظفر آباد، گلگت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں یکجہتی واکس کا بھی انتظام کیا جائے گا ۔
پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے کوہالہ پل اور دوسرے اہم مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی ۔ میڈیا بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے خصوصی پروگرام نشر کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان آزاد جموں وکشمیر میں کوٹلی کے مقام پر جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔
مزید برآں مقبوضہ کشمیر میں شکریہ پاکستان، شکریہ عمران خان کے پوسٹر لگ گئے۔ یہ پوسٹر سرینگر سمیت دیگر علاقوں میں لگے ہوئے ہیں، ان پوسٹرز پر عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اٹھانے پر شکریہ پاکستان اور شکریہ عمران خان کے پوسٹر لگے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان اور شکریہ پاکستان کے پوسٹر جموں کشمیر لبریشن الائنس کی طرف سے لگائے گئے ہیں۔ پوسٹر میں دیکھا جا سکتا ہے جس میں اعادہ کیا گیا ہے کہ کشمیری عوام بھارتی مظالم سے آزادی کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے نسل کشی کے اقدامات سے صَرف نظر نہیں کیا جاسکتا۔
اسلام آباد میں کشمیریوں سے یک جہتی کے حوالے سے ایک تقریب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت وحشیانہ قوانین اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے برخلاف اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب لاکھوں کشمیریوں کو بھارت کی قابض افواج سے بے دخلی اور نسل کشی جیسے اقدامات کا سامنا ہے تو عالمی برادری اس سے نظریں نہیں چرا سکتی۔ یہ بیان وزیرخارجہ کی حیثیت سے صرف میں نہیں دے رہا بلکہ جینوسائڈ واش جیسے آزاد مبصرین نے بھی جاری کیا ہے۔
دوسری طرف آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیر سمیت خطے کے عوام دیرپا امن کا حق رکھتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گریژن کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبد العزیز نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پیشہ ورانہ امور، داخلی اور خارجی صورتحال پر اظہار خیال کیا اور گریژن کے افسران سے خطاب کیا جبکہ خطے میں دیرپا امن سے متعلق پاکستانی وژن پر روشنی ڈالی۔ آرمی چیف نے مشرقی سرحد اور کشمیر کی صورتحال پر بھی بات کی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سمیت خطے کے عوام دیرپا امن کا حق رکھتے ہیں۔ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق کشمیر کے حل کے لیے پر عزم ہیں۔ تنازع کشمیر کا حل کشمیریوں کے امنگوں کے مطابق ضروری ہے۔