اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے نااہلی کی درخواستوں میں فیصل واوڈا پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ ای سی پی نے وفاقی وزیر کو اگلی سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کی درخواستوں پر سماعت کی۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے وکیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہ ہوئے۔ درخواستگزار نے فیصل واوڈا کو بطور وفاقی وزیر کام سے روکنے کی درخواست کر دی۔
ممبر پنجاب الیکشن کمیشن نے استفسار کیا آپ کو آج دلائل کا آخری موقع دیا گیا تھا اور آپ سٹے کی درخواست دے رہے ہیں، جس پر وکیل درخواستگزار نے کہا آپ اگر میری درخواست مسترد کرتے ہیں تو دلائل دے دونگا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق انکے وکیل کی موجودگی میں اپنے دلائل دیں۔ الیکشن کمیشن نے سماعت 24 فروری تک ملتوی کر دی۔