لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ میں نہ مانوں کی سیاست کر کے پی ڈی ایم وقت ضائع کر رہی ہے، لانگ مارچ سے بھی الیکشن 2023 میں ہی ہوں گے، اپوزیشن سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا تسلسل، ہم خاتمہ چاہتے ہیں۔
گورنر پنجاب چودھری سرور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن ون، ٹو، تھری، فور جتنے مر ضی لانگ مارچ کرلے، مڈ ٹرم الیکشن نہیں ہوں گے، اپوزیشن کے درجنوں لانگ مارچ سے بھی الیکشن 2023 میں ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے آرڈننس قومی امنگوں کی ترجمانی ہے، ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے سے پاکستان میں جمہوریت اور پارلیمنٹ مضبوط ہوگی۔
چودھری سرور کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہارس ٹریڈنگ کی مخالفت کرنیوالی جماعتیں آج اس کی حامی بن رہی ہیں، حکومت جتنے مر ضی اچھے فیصلے کرے ان کی مخالفت اپوزیشن کی سیاسی مجبوری ہے، ہر ایشو میں اداروں کو سیاست میں گھسٹینے کا اپوزیشن کا رویہ ملکی مفاد میں نہیں، ملکی ترقی استحکام، آئین و قانون کی حکمرانی کیلئے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عمران خان کی قیادت میں حکومت پرعزم ہے۔