لاہور: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے نون لیگ، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کو ضم ہونے کا مشورہ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ این آر او نہ ملنے پر اپوزیشن دن بدن مایوسی کا شکار ہے، پی ڈی ایم کا مستقل تاریک ہے۔
لاہور میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام لیڈرشپ مایوسی کی اتھاہ گہرائیوں میں ڈوبی ہوئی ہے، اپوزیشن کی کوشش ہے عدالتوں سے انہیں ریلیف مل جائے، عدالتوں سے ریلیف نہ ملنے پر پی ڈی ایم کی مایوسی میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، پیپلزپارٹی اندرون سندھ کی جماعت بن گئی ہے، سندھ کے علاوہ پیپلزپارٹی کا کوئی ووٹ نہیں رہ گیا، مسلم لیگ ن وسطی پنجاب کی جماعت بن کر رہ گئی، جے یو آئی ف خیبرپختونخوا کے چند اضلاع تک محدود جماعت ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا مقامی حکومتوں کا نیا نظام ایک انقلاب ہے، مقامی حکومتوں کا نظام دیکر پی ٹی آئی نے منشور میں کیا گیا وعدہ پورا کیا، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ڈائریکٹ ووٹنگ سے انتخابات ہونگے، پی ڈی ایم کی قیادت آئے اور مقامی حکومتوں کے انتخابات میں حصہ لے، 2 سال میں سندھ میں 16سو ارب روپیہ گیا مگر یہ کہاں خرچ ہوا کوئی نہیں جانتا۔
وفاقی وزیر فواد چودھری نے مزید کہا کہ مریم بی بی کا اپنی جماعت میں کوئی اتنابڑا قد نہیں، انہوں نے مرتضیٰ جاویدعباسی کو کہا استعفے سپیکر کے منہ پر ماریں، مرتضیٰ جاوید عباسی استعفے سپیکر کے منہ پر مارنے کی بجائے ان کے قدموں میں بیٹھ گئے، پی ڈی ایم کا مستقبل مایوسی ہے جو ان کے چہروں سےعیاں ہے، نواز شریف تو بیرون ملک جا کر بیٹھ گئے، جس نے سیاست کرنی ہے وہ ان کے ساتھ کیسے چل سکتا ہے۔