اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ طویل عرصے کے بعد حکومت کے سیاسی سٹرکچر پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، ڈھائی سال کے بعد بھی اس کابینہ کے ایک بھی رکن کا کوئی گھوٹالہ نہیں۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی کامیابی ہے اور عمران خان کو اس کا کریڈٹ جاتا ہے، انتظامی اداروں کو کابینہ کی تقلید کرنی چاہیے۔
شریف فیملی نے پنجاب میں قبضہ گروپوں کی سرپرستی کی، فواد چودھری
خیال رہے گزشتہ روز فواد چودھری کا مشیر داخلہ شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب کے اوپر ایک بڑا مافیا رول کرتا رہا ہے، شریف فیملی اور قبضہ گروپوں میں اشتراک چل رہا تھا، یہ لوگ شرمندہ ہونے کے بجائے قبضہ گروپوں کی پشت پناہی پر کھڑے ہو گئے۔
فواد چودھری نے کہا کہ جن افراد سے زمین واگزار کرائی گئی ان پر مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔ اگر حکومتی شخص کسی بھی جگہ پر قابض ہے تو اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔