اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم اس وقت خود کڑے وقت سے گزر رہی ہے، ان کے استعفوں کا وقت کبھی نہیں آئے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز، کیپٹن صفدر کے بھائی سے استعفیٰ نہیں لے سکیں، ان کے کہنے پر کوئی استعفیٰ نہیں دے گا۔ اپوزیشن اسی تنخواہ پر کام کرتی رہے گی۔ اپوزیشن کے جلسوں میں عوام کو کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آئی ٹی منسٹر کو کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر خطاب کے لیے اپوزیشن رہنماؤں کو ٹیبلٹ دیئے جائیں۔ ان کا وقت ختم ہو چکا ہے، یہ پرانے زمانوں کے لوگ ہیں، سیاست آگے بڑھ گئی، یہ لوگ بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہر تین ماہ بعد استعفوں کی تاریخ اب مذاق بن گئی ہے۔ آصف زرداری اور نواز شریف ماضی کا قصہ ہیں، اب نئی سیاست کا دور ہے۔