اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ لندن ہائیکورٹ سے شہباز شریف کے حق میں فیصلہ نہیں آیا، مریم اورنگزیب اتنا جھوٹ بولتی ہیں کہ جواب دینے میں وقت لگتا ہے، کیس جیتنا تو دور کی بات ان کو لینے کے دینے پڑ جائیں گے، ابھی مقدمہ ٹرائل میں جائے گا، ڈیلی میل شواہد پیش کرے گا، پاکستانی عدالتوں میں زیر سماعت ریفرنسز ان کے خلاف ثبوت ہیں۔
معاون خصوصی شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جج نے کہا آرٹیکل سے تاثر ملا شہباز شریف منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، ڈیلی میل کو شواہد پیش کرنے کا کہا جائے گا، منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی ضمانت لاہور ہائیکورٹ سے مسترد ہوچکی، ملک کا بچہ بچہ جانتا ہے چاچو نے منی لانڈرنگ کی، چاچو پر لاہور کی عدالت میں 7 ارب کی منی لانڈرنگ پر چارج شیٹ ہوچکا، منی لانڈرنگ کے پیسے سے نواز شریف نے جائیدادیں خریدیں۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ، شہباز شریف کو چیلنج کرتا ہوں ہمت ہے تو لندن میں میرے خلاف کیس کر دیں، آپ کیخلاف تمام ثبوت پیش کروں گا، چاچو نے کرپشن کی ہے تو بھگتنا پڑے گا، ان کی کرپشن پر اب لندن کی عدالت سے بھی مہر لگے گی، کالا دھن سفید کرنے میں ان کے کارندے تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں قبضہ مافیا سے 210 ارب کی سرکاری اراضی واگزار کرائی، گوجرانوالہ میں با اثر شخصیت سے چھڑائی گئی زمین پر پارک بنا دیا گیا، ملک کا المیہ رہا طاقتور طبقہ سیاسی انتقام کا رونا روتا ہے۔